متحدہ عرب امارات کی اسرائیل فلسطین امن مذاکرات پر تعاون کی پیشکش

ابوظہبی: متحدہ عرب امارات نے کہا ہے کہ اسرائیل اور فلسطین کے درمیان امن کے لیے کی گئی کوششوں میں اپنا کردار ادا کرنے کو تیار ہیں۔عرب میڈیا کے مطابق ابوظہبی کی ولی عہد شہزادہ شیخ محمد بن زاید النہیان نے مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی سے ٹیلی فونک رابطہ کیا، دونوں رہنماؤں نے اسرائیل اور فلسطین کے معاملے پر تبادلہ خیال کیا اور خطے میں پائیدار امن کے لیے تجاویز پر گفتگو بھی کی۔ولی عہد شہزادہ شیخ محمد بن زاید النہیان نے اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی میں مصر کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے پائیدار امن کے لیے مزید کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔اس موقع پر ولی عہد نے اسرائیل اور فلسطین کے درمیان امن مذاکرات کے لیے ہر قسم کے تعاون اور سہولت فراہم کرنے کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ جنگ بندی برقرار رکھنے اور امن کے حصول کے لیے نئی راہیں تلاش کرنے کے لئے تمام فریقوں کے ساتھ مل کر کام کرنے کو تیار ہیں۔متحدہ عرب امارات نے گزشتہ برس اسرائیل کو تسلیم کرتے ہوئے سفارتی اور تجارتی تعلقات بحال کرنے کا اعلان کیا تھا جس کے بعد بحرین، سوڈان اور مراکش نے بھی تعلقات کی بحالی کا اعلان کیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں