کراچی: دو دن بعد ایک منفرد چاند گرہن ہمارا منتظر ہے کیونکہ اس وقت نہ صرف یہ کہ آسمان پر چاند مکمل ہوگا بلکہ ساتھ ہی ساتھ اسے مکمل گرہن بھی لگ چکا ہوگا لیکن پھر بھی اس کی رنگت خون جیسی سرخ ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق، اس انوکھے چاند گرہن کا آغاز 26 مئی 2021 کے روز، پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ایک بج کر 47 منٹ اور 39 سیکنڈ پر ہوگا جبکہ:
سہ پہر چار بج کر 11 منٹ اور 26 سیکنڈ پر مکمل چاند گرہن کا آغاز ہوگا؛
سہ پہر چار بج کر 18 منٹ اور 42 سیکنڈ پر مکمل چاند گرہن کا عروج ہوگا؛ اور
سہ پہر چار بج کر 25 منٹ اور 54 سیکنڈ پر مکمل چاند گرہن اختتام پذیر ہوجائے گا۔
اس کے بعد یہ گرہن بتدریج ختم ہوتے ہوئے، شام 6 بج کر 49 منٹ اور 44 سیکنڈ پر مکمل طور پر ختم ہوجائے گا۔
افسوس کہ یہ دلفریب اور منفرد منظر پورے پاکستان میں کہیں بھی دیکھا نہیں جاسکے گا کیونکہ اس چاند گرہن کے موقع پر پاکستان میں دن کا وقت ہوگا جبکہ پاکستان میں چاند بھی شام سات بجے کے بعد ہی طلوع ہوگا۔