امریکا کے افغانستان سے فرار پر بحیثیت امریکی شرمندہ ہوں، انجلینا جولی

واشنگٹن: ہالی ووڈ اداکارہ انجلینا جولی کا کہنا ہے کہ جس طرح امریکا افغانستان سے بھاگا ہے بحیثیت امریکی شہری شرمندہ ہوں۔مشہور ہالی ووڈ اسٹار انجلیناجولی نے ٹائم میگزین کے لیے لکھے گئے اداریہ میں کہا کہ افغانستان میں جاری جنگ پر آپ کے جو بھی خیالات ہوں تاہم ہم سب ایک بات پر متفق ہیں اور وہ یہ ہے کہ افغان جنگ کا خاتمہ اس طر ح نہیں ہونا چاہیے تھا، اتنے سالوں تک جاری قتل و غارت گری، قربانیوں اور جدوجہد کے بعد امریکا اقتدار کو منظم انداز میں منتقل کرنے میں ناکام رہا، یہ کبھی بھی آسان نہیں تھا تاہم اقتدار کی منتقلی اس سے کہیں زیادہ بہتر اور محفوظ انداز میں کی جاسکتی تھی۔انجلینا جولی نے کہا کہ جس طرح سے امریکا افغانستان چھوڑ کرگیا، بحیثیت امریکی شہری میں شرمندہ ہوں اور اس انداز میں انخلا نے ہماری اہمیت کو مزید کم کردیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا اتنے سالوں کے بعد اپنے اتحادیوں کو افراتفری کے عالم میں چھوڑ کر بھاگا جو کہ دھوکہ اور سمجھنے سے قاصر ہے۔46 سالہ اداکارہ کا کہنا تھا کہ اب افغانستان میں جو کچھ بھی ہوتا ہے، اس پر اثر انداز ہونے کا موقع گنوادیا ہے، افغان سول سوسائٹی سمیت وہاں کی خواتین کو سپورٹ اور مانیٹر کرنے کے لیے ہمارے پاس کوئی حکمت عملی نہیں، اس کے علاوہ امریکی انخلا کے باعث افغان مہاجرین کی آبادکاری کا نیا بحران جنم لے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں