پاکستان نے نیوزی لینڈ کے دورے کی منسوخی میں بھارتی سازش سے پردہ اٹھادیا

اسلام آباد: فواد چوہدری اور شیخ رشید نے نیوزی لینڈ کا دورہ منسوخ کرنے کی بھارتی سازش سے پردہ اٹھادیا۔وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے وزیر داخلہ شیخ رشید کے ہمراہ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کا دورہ منسوخ کرنے کے حوالے سے اسلام آباد میں پریس بریفنگ میں کہا کہ فیک نیوز کے پیچھے ریاستوں اور ایجنسیوں کا ہاتھ ہے، پاکستان میں ہائبرڈ وارکاسامناہے، احسان اللہ احسان کےنام سے ایک فیس بک اکاؤنٹ بنایاگیا، 19 اگست کو پوسٹ احسان اللہ احسان کی طرف سے بنتی ہے جس میں نیوزی لینڈ ٹیم کو پاکستان کے دورہ سے روکتے ہوئے کہا گیا کہ داعش کیوی ٹیم پر حملہ کرسکتی ہے۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ 21 اگست کو بھارتی اخبار سنڈے گارڈن کے بیوروچیف ابھی نندن مشرا نے احسان اللہ احسان کی اس جعلی فیس بک پوسٹ کی بنیاد پر آرٹیکل لکھا، جس میں نیوزی لینڈ ٹیم پر پاکستان میں ممکنہ حملے کا انکشاف کیا گیا، ابھی نندن مشرا اور پاکستان مخالف سابق افغان نائب صدر امر اللہ صالح کے آپس میں گہرے تعلقات بھی ہیں، 24 اگست کو مارٹن گپٹل کی بیوی کو تحریک لبیک کے نام سے بنے ای میل ایڈریس سے ایک ای میل ملتی ہے، جس میں لکھا تھا مارٹن گپٹل کو پاکستان میں قتل کردیاجائےگا۔فواد چوہدری نے بتایا کہ 24اگست 2021 کو ہی یہ ای میل اکاؤنٹ بنایا گیا تھا اور اس ای میل اکاؤنٹ سے صرف ایک ہی میل مارٹن گپٹل کی بیوی کو بھیجی گئی، حالانکہ یہ ای میل پروٹون میل پر بنائی گئی جو کافی محفوظ ای میل ہے، تمام واقعات کےباوجود نیوزی ٹیم اپناٹورکینسل نہیں کرتی اور پاکستان آجاتی ہے، احسان اللّٰہ احسان کے جعلی سوشل میڈیا اکاؤنٹ کے ذریعے نیوزی لینڈ کی ٹیم کو دھمکی ملنے کے باوجود بھی نیوزی لینڈ نے دورہ منسوخ نہیں کیا تھا۔فواد چوہدری نے کہا کہ پہلی پریکٹس 13ستمبر کو کی گئی جس میں کوئی تھریٹ رپورٹ نہیں ہوا، 17 ستمبر کو نیوزی لینڈ کی ٹیم نے بتایا کہ انہیں اپنی حکومت کی طرف سے تھریٹ سے آگاہ کیا گیا ہے، اس لیے اپنی حکومت کی ہدایت پر یہ ٹور منسوخ کرنا چاہتے ہیں، جس پر سیکیورٹی فورسز اور پی سی بی کے افسران کیوی ٹیم کے پاس گئے اور ان سے تھریٹ کے بارے میں پوچھا تو ٹیم کو بھی کچھ نہیں پتہ تھا، وزیراعظم عمران خان نے نیوزی لینڈ کی ہم منصب کو فون کرکے دورہ منسوخ نہ کرنے کی درخواست کی جس پر جیسنڈا آرڈرن نے کہا کہ ان کے پاس تھریٹ کی ٹھوس معلومات ہیں، پھر وہ ٹور منسوخ کردیا گیا۔فواد چوہدری نے بتایا کہ 18 ستمبر کو انٹرپول نے پاکستان کو بتایا کہ جی میل پر حمزہ آفریدی 7899 کے نام سے بنی ایک ای میل ملی ہے، جس میں نیوزی لینڈ ٹیم کو ای میل کے ذریعے دھمکی دی گئی تھی، یہ ای میل بھارت میں بنا اور جس وقت یہ بنایا گیا اس کے 13 منٹ بعد اس سے پاکستان میں نیوزی لینڈ کی ٹیم کو دھمکی آمیز ای میل کی گئی، وی پی این کے ذریعے یہ ای میل بھارت سے بھیجی گئی تھی، تاکہ اس کی لوکیشن سنگاپور ظاہر ہو۔فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ جس ڈیوائس سے ای میل جنریٹ ہوئی اس پر 13 مزید ای میل بنی ہوئی ہیں، وہ سب ای میل ہندی ناموں پر بنی ہیں، صرف ایک جعلی ای امیل حمزہ آفریدی کے نام سے بنائی گئی اور جان بوجھ کر اس ای میل پر پاکستانی نام استعمال کیا گیا ہے، یہ ای میل جس نمبر پر بنا وہ سم انڈین کے نام پر ہے، اس کا نام اوم پرکاش مشرا ہے جس کا تعلق ممبئی سے ہے، اگست 2019 میں یہ موبائل ڈیوائس آر ایم ایکس 1971 بھارت میں لانچ کی گئی اور موبائل سم اگست 2019 میں بھارت میں رجسٹر ہوئیں، وزارت داخلہ نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور دونوں ای میل ہولڈرز کو انٹرپول کی مدد سے ٹریس کیا جا رہا ہے، یہ پوری سازش بھارت میں بنائی گئی تھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں