کنٹینروں سے فٹبال اسٹیڈیم بنا لیا گیا

دوحہ: اسپین کی ایک تعمیراتی کمپنی نے فیفا ورلڈ کپ 2022 کےلیے دوحہ، قطر میں تقریباً ایک ہزار کنٹینر استعمال کرتے ہوئے فٹبال اسٹیڈیم تعمیر کرلیا ہے۔آج سے چار سال پہلے جب اس کی تعمیر شروع ہوئی تھی تو اسے ’’راس ابو عبود‘‘ اسٹیڈیم کا نام دیا گیا تھا لیکن حال ہی میں تکمیل کے بعد اس کا نیا نام ’’974 اسٹیڈیم‘‘ رکھا گیا ہے، جو دوحہ شہر کے اس علاقے کا پوسٹل کوڈ ہے؛ جبکہ اس میں 974 کنٹینرز ہی استعمال ہوئے ہیں۔اس فٹ بال اسٹیڈیم میں چالیس ہزار تماشائیوں کی گنجائش ہے۔ ورلڈ کپ ختم ہوجانے کے بعد اسے دوبارہ سے ٹکڑوں میں الگ الگ کرکے ختم بھی کیا جاسکے گا۔اسٹیڈیم کا ڈھانچہ ایک مضبوط فولادی فریم ورک پر تعمیر کیا گیا ہے جس میں تماشائیوں کی نشستوں، میڈیا سینٹر، ٹوائلٹ اور اسی طرح کے دوسرے مقامات کےلیے کنٹینرز استعمال کیے گئے ہیں۔قطر کی حکومت آج کل اس منفرد اسٹیڈیم کی خوب تشہیر کر رہی ہے تاکہ فیفا ورلڈ کپ 2022 دیکھنے کےلیے زیادہ سے زیادہ غیرملکیوں کو متوجہ کیا جاسکے اور منافع کے اہداف حاصل کیے جاسکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں