اوپن مارکیٹ میں ڈالر پہلی بار 180 روپے سے بھی تجاوز کرگیا

کراچی: کرنسی کی اوپن مارکیٹ میں ڈالر کے نرخ تاریخ میں پہلی بار 180 روپے سے بھی تجاوز کرگئے۔ درآمدی شعبوں کی ڈیمانڈ برقرار رہنے کے باعث جمعرات کو بھی زرمبادلہ کی دونوں مارکیٹوں میں ڈالر کی اڑان جاری رہی اور کاروبار کے تمام دورانیے میں ڈالر کی قدر میں زبردست اتار چڑھاؤ کا رجحان رہا جس سے ڈالر کے اوپن مارکیٹ ریٹ 180 روپے سے بھی تجاوز کرکے تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئے۔انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر ایک موقع پر 178 روپے سے بھی تجاوز کرکے 178.19 روپے کی سطح تک پہنچ گئی تھی تاہم دوپہر کے بعد ڈیمانڈ گھٹتے ہی ڈالر کے انٹربینک ریٹ 178 روپے سے نیچے آگئے۔نتیجے میں کاروبار کے اختتام پر انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 18 پیسے کے مزید اضافے سے 177.60 روپے کے ساتھ نئی بلند ترین سطح پر بند ہوئی۔ اسی طرح اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 80 پیسے کے اضافے سے 180.30 روپے کی نئی بلند ترین سطح پر بند ہوئی۔ماہرین کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ معاملات طول اختیار کرنے سے قرضوں کی قسط کے اجراء میں تاخیر کے علاوہ کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ بڑھنے اور ادائیگیوں کا توازن بگڑنے سے ڈالر کی اڑان تھم نہیں رہی۔ماہرین کا کہنا ہے کہ افغانستان میں اشیائے خوردونوش کی قلت کی وجہ سے پاکستان کا درآمدی بل بڑھ گیا ہے جس کے نتیجے میں ڈیمانڈ یومیہ بنیادوں پر بڑھتی جاری ہے اور ان عوامل کے باعث ڈالر تاریخ کی بلندیوں کو چھو رہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں