امتحانی پرچے میں سیف کرینہ کے بیٹے کا نام پوچھنے پر اسکول کو شوکاز نوٹس

ممبئی: بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے ایک نجی اسکول کو امتحانی پرچے میں بالی ووڈ اداکار سیف علی خان اور کرینہ کپور کے بیٹے کا نام پوچھے جانے پر شوکاز نوٹس جاری کردیا گیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق مدھیہ پردیش کے ایک اسکول میں کلاس 6 کے جنرل نالج کے پیپر میں حالات حاضرہ کے سوال کے طور پر سیف علی خان اور کرینہ کپور کے بیٹے کا نام پوچھا گیا۔
اسکول کے اس عجیب و غریب اقدام پر اسکول کی پیرنٹ باڈی (اسکول کے والدین کی تنظیم) نے ریاستی محکمہ تعلیم سے اکیڈمک ہائٹس پبلک اسکول کے خلاف کلاس 6 کے سوالیہ پرچے میں ایسا سوال پوچھنے پر سخت کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ضلعی پیرنٹس ایسوسی ایشن کے صدر انیش جھرجھارے نے اس معاملے پر فکرمندی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسکول انتظامیہ طالبعلموں سے ایسا غیر سنجیدہ سوال کس طرح کرسکتی ہے؟ طلبا سے تاریخی شخصیات کے بارے میں پوچھنے کے بجائے انہوں نے بالی ووڈ اداکاروں کے بیٹے کا پورا نام پوچھا۔رپورٹ کے مطابق کھانڈوا ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (ڈی ای او) سنجیو بھلیراؤ نے اس معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے اسکول کو شو کاز نوٹس جاری کیا ہے۔ انہوں نے کہا اسکول کی جانب سے دئیے جانے والے جواب کی بنیاد پر ہم اسکول کے خلاف کارروائی کریں گے۔ اس کے علاوہ ہم دیگر کلاسوں کے امتحانی پرچوں کا بھی جائزہ لیں گے۔واضح رہے کہ چھٹی کلاس کے امتحانی پرچے کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے جس میں جنرل نالج کے سیکشن میں 5 سوالات پوچھے گئے ہیں جن میں سے ایک سوال ہے کرینہ کپور اور سیف علی خان کے بیٹے کا پورا نام لکھیں؟

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں