کراچی(آوازرپورٹ) رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عامر لیاقت حسین انتقال کرگئے۔
معروف ٹی وی میزبان اور رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عامر لیاقت حسین انتقال کرگئے، وہ اپنے گھر میں مردہ پائے گئے۔
ریسکیو اہل کاروں کے مطابق ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کو ان کے گھر خداداد کالونی سے ایمبولینسز کے ذریعے اسپتال منتقل کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ عامر لیاقت حسین کے کمرے کا دروازہ بند تھا جسے گھر کے ملازمین کافی دیر سے کھٹکھٹا رہے تھے، بعدازاں دروازہ زبردستی کھولا گیا تو عامر لیاقت حسین مردہ پائے گئے۔ انہیں اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کے انتقال کی تصدیق ہوگئی۔
ڈاکٹروں نے کہا ہے کہ انہیں مردہ حالت میں اسپتال لایا گیا جب کہ پولیس کا موقف ہے کہ موت کی وجوہات کا تعین کرنے کے لیے ان کی لاش کا پوسٹ مارٹم کرایا جائے گا، فی الحال ان کا گھر سیل کرکے شواہد جمع کیے جارہے ہیں۔
عامر لیاقت کے ملازم کا بیان ہے کہ انہیں رات سے ہی سینے میں تکلیف تھی، ہم نے رات کو ہی انہیں اسپتال لے جانے کا کہا مگر انہوں ںے منع کردیا تھا۔
ان کے انتقال پر قومی اسمبلی کا اجلاس ملتوی کردیا گیا۔ اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ افسوس ناک خبر ملی ہے کہ رکن اسمبلی عامر لیاقت کا انتقال ہوگیا، ایوان کی کارروائی فوری روکنی چاہیے۔ انہوں ںے عامر لیاقت کے انتقال کے باعث قومی اسمبلی کا اجلاس کل شام پانچ بجے تک ملتوی کردیا۔