عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق چین کی ڈرگ اتھارٹی نے مقامی دوا ساز کمپنی سینوفارم کی کورونا ویکسین کے بیماری کے خلاف 79.34 فیصد تک تحفظ فراہم کرنے پر ملک بھر استعمال کی مشروط اجازت دیدی ہے یعنی ٹرائل جاری ہونے کے سبب کمپنی مارکیٹ میں ویکسین فروخت ہونے کے بعد بھی فالو اپ ڈیٹا اور مضر اثرات کی فوری اطلاع دینا ہوگی۔
چین کی دوا ساز کمپنی سینو فارم کی ویکسین کے دنیا بھر میں ہونے والے ٹرائل کے حوصلہ افزا نتائج سامنے آئے ہیں اور اس حوالے سے کمپنی کا دعویٰ ہے کہ ویکسین نہ صرف محفوظ ہے بلکہ دونوں خوراکیں لینے والوں میں وائرس کے خلاف 99.52 فیصد اینٹی باڈیز کی سطح پیدا ہوئیں۔
متحدہ عرب امارات، بحرین، اردن، پیرو اور ارجنٹائن سمیت دنیا کے کئی ممالک میں ویکسین کے کامیاب ٹرائل کے بعد چینی کمپنی نے ویکسین کو چین کے ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی سے منظور کرانے کے لیے درخواست جمع کرا دی ہے۔ قبل ازیں متحدہ عرب امارات کے حکام نے بھی ٹرائل کے دوران ویکسین کو 86 فیصد تک موثر بتایا تھا۔
چینی کمپنی سینوفارم کی کورونا ویکسین کی پہلے ہی متحدہ عرب امارات اور بحرین میں استعمال کی منظوری دی جاچکی ہے اور دونوں ممالک میں ویکسینیشن کا عمل جاری ہے جب کہ چین میں جولائی 2020 سے ہنگامی استعمال کے تحت ٹرائل جاری ہے۔ سینوفارم کی ایک اور ویکسین کی بھی تیاری جاری ہے تاہم ابھی اس کے نتائج ظاہر نہیں کیے گئے ہیں۔