کیلیفورنیا: ٹیسلا کے مالک ایلون مسک نے ٹویٹر انتظامیہ کی جانب سے خریداری سے دستبرداری کا معاملہ عدالت لے جانے پر اپنا طنزیہ ردعمل دے دیا۔ٹوئٹر انتظامیہ اور ٹیسلا کے بانی و دنیا کے امیر ترین انسان ایلون مسک کے درمیان مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر کو خریدنے کے معاملے پر ٹوئٹر پر لفظی جنگ طول پکڑتی جارہی ہے۔گزشتہ دنوں ٹوئٹر انتظامیہ نے ایلون مسک کو عدالت سے رجوع کرنے کی دھمکی دی تھی، اس حوالے سے ٹوئٹر کے چیئرمین نے کہا تھا کہ ٹوئٹر بورڈ ایلون مسک کے ساتھ طے کردہ قیمت اور شرائط کے تحت معاہدے پر عمل درآمد کرانے پر پابند ہے اور بورڈ معاہدے کو پورا کرنے کے لیے قانونی چارہ جوئی کا ارادہ رکھتا ہے۔ٹوئٹر انتظامیہ کے بیان کا مذاق اڑاتے ہوئے ایلون مسک نے ’پہلے اس نے (ٹوئٹر) کہا کہ میں ان کی کمپنی نہیں خرید سکتا، بعد میں انہوں نے کہا کہ وہ بوٹ (فرضی اکاؤنٹ) کو ظاہر نہیں کر سکتے اور اب وہ مجھے عدالت کے ذریعے ٹویٹر خریدنے پر مجبور کرنا چاہتے ہیں لیکن اب انہیں عدالت میں بھی بوٹ ظاہر کرنا ہوگا‘۔
ایلون مسک کے اس ٹوئٹ پر 10 لاکھ سے زائد صارفین نے پسندیدگی کا اظہار کیا ہے جب کہ 35 ہزار سے زائد صارفین نے بیان کو ری ٹوئٹ کیا۔واضح رہے کہ کچھ روز قبل ٹیسلا کے بانی ایلون مسک نے 44 کروڑ ڈالرز میں ٹوئٹر خریدنے کے معاہدے سے دستبردار ہونے کا اعلان کیا تھا۔