کراچی: چین کے تعاون سے کراچی کے دو سرکاری تعلیمی اداروں نے نوجوانوں میں چین جیسی کاروباری صلاحیت اور استعداد پیدا کرنے کے لیے ای کامرس سمیت مختلف کورسز شروع کردیئے ہیں۔آن لائن شروع کیے جانے والے ان کورسز میں ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ چینی اساتذہ اور کاروباری شعبہ کے ماہرین نوجوانوں کو چین کی کاروباری دنیا میں رسائی کے طریقے ، چینی مصنوعات دنیا بھر میں فروخت اور پاکستانی مصنوعات کے دنیا میں دروازے کھولنے کے طریقے سکھا رہے ہیں جس سے نوجوانوں میں دنیا کے کاروباری رجحانات سے آگاہی ہوگی بلکہ وہ عالمی سطح پر کاروبار کرنے کے طریقے بھی جان سکیں گے۔
سندھ ٹیکنیکل بورڈ کے چیئرمین ڈاکٹر مسرور شیخ نے اس سلسلے میں ایکسپریس کو تفصیلات بتاتے ہوئے کہا ٹیکنیکل بورڈ اور داؤد انجیئرنگ یونیورسٹی مشترکہ طور پر چین کے ہنان کیمیکل اینڈ ووکیشنل ٹیکنیکل کالج کی مدد سے یہ کورسز کرارہے ہیں اس کورسز سے نئے تعلیمی تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ڈیزائن کیا گیا۔
ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ نوجوانوں کو چینی زبان سکھانے کے ساتھ چین کی کاروباری دنیا میں رسائی کا طریقہ سکھایا جارہا ہے یہ کورس نہ صرف نوجوانوں کے اندر کاروبار کرنے کی جستجو پیدا کرے گا بلکہ کم سرمائے سے آن لائن کاروبار کرنے کرنے کے گر سکھانے کا باعث بنے گا جس کی رسائی چینی یونیورسٹی میں بھی ہوگی۔چائنا کے باہمی تعاون سے ای کامرس، بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو (بی آر آئی) بزنس انٹرپرینیورشپ کے لیے ایک آن لائن پروگرام شروع کردیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ جہاں چینی کمپنیوں کی ضرورت روز بروز بڑھتی جا رہی ہے کہ وہ زیادہ سے زیادہ انفارمیشن ٹیکنالوجی تربیت یافتہ انگریزی بولنے والے افرادی قوت کام کر سکیں۔
چینی مصنوعات اور خدمات کی مارکیٹنگ کے لیے بی آر آئی نیٹ ورک میں آنے والے 152 ممالک میں ان کی آن لائن فروخت اور سرحد پار ای کامرس آپریشنز کے لیے ریڈھ کی ہڈی کے طور پر کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کی بے روزگاری کا خاتمہ اور ان کے لیے بیرون ملک میں روزگار کے مواقع مہیا کرنے کے لیے اور پاک چائنا کے تعلیمی اداروں کے روابط اور مضبوط کرنے کے لیے سندھ بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن اور داؤد یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی نے چین کے ہنان کیمیکل اینڈ ووکیشنل ٹیکنیکل کالج کے ذریعے ای کامرس، بی آر آئی بزنس انٹرپرینیورشپ کے لیے ایک آن لائن ٹریننگ پروگرام کا باقائدہ آغاز کردیا جس کی کلاسز 19 جولائی سے داؤد یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی میں شروع ہو گئیں ہیں جس میں 3 ماہ کے 3 کورسز جس میں ہر کورس میں 32 گھنٹے آن لائن اور 32 گھنٹے فزیکل کلاسز لی جارہی ہیں۔