اسکواڈ سے ڈراپ کیوں کیا؟ سابق کپتان حسن علی کی حمایت میں بول پڑے

لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد حفیظ ایشیاکپ اور نیدرلینڈز کے خلاف سیریز میں ڈراپ کیے گئے حسن علی کی حمایت میں سامنے آگئے۔نجی ٹی وی کو دیئے گئے انٹرویو میں سابق کپتان محمد حفیظ نے سلیکشن کمیٹی کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ حسن علی کو سالوں سے جانتا ہوں، کیریئر کے بعض مراحل ایسے آتے ہیں جب کھلاڑی پرفارم نہیں کرپارہا ہوتا لیکن اسے کچھ وقت آرام دینے کی ضرورت ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سلیکشن کمیٹی نے حسن علی کو غیر ضروری میچز کھلائے جس میں انہیں آرام دیا جاسکتا تھا لیکن ٹیم مینجمنٹ نے فاسٹ بولر کو ہر میچ کھلایا، جس کے لیے وہ ذہنی طور پر تیار نہیں تھے۔محمد حفیظ نے کہا کہ میرے خیال میں ٹیم سے ڈراپ ہونے پر حسن علی کو مثبت پہلو میں سوچنا چاہیے اور اس وقت کو وہ اپنی فیملی کے ساتھ گزاریں۔ 3-4 ہفتے کا آرام انہیں کم بیک کرنے میں مدد دے گا۔واضح رہے کہ حسن علی 21 ٹیسٹ، 60 ون ڈے انٹرنیشنل اور 49 ٹی20 میں پاکستان کی نمائندگی کرچکے ہیں جس میں انہوں نے بالترتیب 77، 91 اور 60 وکٹیں حاصل کررکھی ہیں۔قبل ازیں پی سی بی نے دورہ نیدلینڈ اور ایشیاکپ کیلئے قومی اسکواڈ کا اعلان کیا تھا، جس میں تجربہ کار بلےباز شعیب ملک اور حسن علی کو شامل نہیں کیا گیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں