اسلام آباد: سانحہ لسبیلہ ہیلی کاپٹر حادثہ و شہداء سے متعلق سوشل میڈیا پر منفی پراپیگنڈے کی تحقیقات کے معاملے پر جوائنٹ انکوائری ٹیم کا دائرہ کار بڑھا کر انٹیلجنس ایجینسز کے دو افسران بھی ٹیم میں شامل کر لیے گئے۔وزارت داخلہ نے ایف آئی اے کی جانب سے تشکیل دی جانے والی چھ رکنی ٹیم کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔آئی ایس آئی کی جانب سے لیفٹیننٹ کرنل سعد اور انٹیلجنس بیورو سے ڈپٹی ڈائریکٹر وقار نثار نمائندگی کریں گے، ایف آئی اے و انٹیلجنس اداروں کی جوائنٹ انکوائری ٹیم ایڈیشنل ڈائریکٹر ایف آئی اے سائبر کرائم محمد جعفر کی نگرانی میں تحقیقات کرے گی۔ٹیم میں ایف آئی اے ڈائریکٹر، ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ وقار الدین سید، ایڈیشنل ڈائریکٹر، سائبر کرائم ایاز خان اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر عمران حیدر شامل ہیں۔
حکام کے مطابق ایف آئی اے اور انٹیلجنس اداروں کی چھ رکنی جوائنٹ انکوائری ٹیم ہیلی کاپٹر حادثے و شہداء سے متعلق منفی ٹرینڈ چلانے والوں کا پتہ چلا جائے، ان عناصر کے پیچھے کون کون ملوث ہے یا کن کن کے کہنے پر یہ ٹرینڈ چلا کر ملک کو بدنام اور شہداء کی فیملز و قوم کی دل آزاری کی کا بھی پتہ چلائے گی۔جوائنٹ انکوائری ٹیم کی انکوائری کے بعد ملوث عناصر کے خلاف مقدمات درج کرکے قانونی کارروائی کو آگے بڑھایا جائے گا۔