اسلام آباد: تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ امید ہے 10 ستمبر تک حکومت کا تختہ الٹ جائے گا اور اقتدار عوام کو منتقل ہوجائے گا۔اسلام آباد ہائی کورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ کل عمران خان کا پہلا جلسہ تھا اور اس سے ان کی ’’کانپیں ٹانگ گئیں‘‘، کل سے میڈیا پر سنسر شپ نافذ ہے ایسا تو مارشل لا کے دور میں بھی نہیں ہوتا، اب ہم اس کیس کو آگے لے کر چلیں گے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ کل رات کو پاکستان کے لوگ بنی گالہ آئے اور ہر شہر اور قصبوں میں نکلے، کشمیر کے وزیراعظم، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان وزراء اعلیٰ بھی بنی گالا پہنچے، موٹرویز بند کی جارہی ہیں تاکہ لوگ یہاں نہ آسکیں، یاد رکھیں اگر ن لیگ نے کچھ کیا تو عوام کا ردعمل آئے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ امید ہے دس ستمبر تک حکومت کا تختہ الٹ جائے گا اور اقتدار عوام کے پاس چلا جائے گا۔