لاہور: (ویب ڈیسک) سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہونے کے بعد پاکستان سٹاک مارکیٹ میں تیزی کا تسلسل برقرار ہے، 100 انڈیکس میں 251.66 پوائنٹس کی بڑھوتری دیکھی گئی۔تفصیلات کے مطابق پاکستان سٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہو رہا ہے ، وزیراعظم عمران خان کی طرف سے سرمایہ کاروں کے لیے ایمنسٹی سکیم میں ایک سال کی توسیع، ترسیلات زر کے مسلسل اضافہ اور ملکی معاشی بہترین اعشاریے تیزی میں کردار ادا کر رہے ہیں۔رواں ہفتے کے پہلے کاروباری روز کے دوران پاکستان سٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا آغاز مثبت انداز میں ہوا، صبح دس بجے تک انڈیکس میں 582.16 پوائنٹس کی تیزی ریکارڈ کی گئی۔ تیزی کے تسلسل کے باعث ٹریڈنگ میں ایک موقع پر 45 ہزار کی نفسیاتی حد بحال ہو گئی تھی۔تاہم کاروبار کے اختتام پر تیزی کی یہ لہر برقرار نہ رہ سکی اور سرمایہ کاروں کی طرف سے منافع کو ترجیح دی گئی جس کے باعث 100 انڈیکس کا اختتام 251.66 پوائنٹس کی تیزی پر ہوا اور انڈیکس 44686.46 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر ہوا۔
