کراچی سمیت سندھ بھر میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد

کراچی: چہلم امام حسین کے موقع پر کراچی سمیت سندھ بھر میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی کر دی گئی۔محکمہ داخلہ سندھ نے نوٹی فیکیشن جاری کر دیا جس کے تحت جمعہ 19 اور ہفتہ 20 صفر کو موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی ہوگی۔ واضح رہے کہ ملک بھر میں چہلم امام حسینؓ ہفتہ کو منایا جائے گا۔دوسری جانب، آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے تمام ڈی آئی جیز کو جاری ہدایات جاری کی ہیں کہ چہلم حضرت امام حسینؓ کے موقع پر متعلقہ اضلاع کے لحاظ سے سیکیورٹی کے غیر معمولی اقدامات پر مشتمل ہنگامی پلان پر عملدرآمد کو ہر سطح پر یقینی بنایا جائے۔ترجمان سندھ پولیس کے مطابق آئی جی سندھ نے کہا ہے کہ رینجرز سندھ و دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں سے بھی روابط کو بھی ہر ممکن طور پر یقینی بنایا جائے تاکہ سیکیورٹی کے مجموعی امور پر عمل درآمد کے تحت مجالس اور جلوسوں سمیت مرکزی اجتماع گاہوں اور دیگر مقامات پر عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جاسکے۔آئی جی سندھ نے کہا کہ تمام تھانہ جات سندھ اور باالخصوص کراچی کی سطح پر روزانہ کی بنیاد پر رینڈم اسنیپ چیکنگ کے عمل کو بھی یقینی بنایا جائے اور اس سلسلے میں تھانون کی سطح پر ایک دوسرے سے مربوط روابط اور ممکنہ جرائم کے حوالے سے معلومات کا تبادلہ لازمی کیا جائے تاکہ فوری کارروائیوں کی بدولت جرائم پیشہ عناصر کو رنگے ہاتھوں گرفتار کیا جاسکے۔انھوں ںے کہا کہ علاقوں میں خفیہ سراغ رسانی کے عمل کو بڑھانے کے ساتھ ساتھ پولیس موبائل اور موٹر سائیکل گشت کو بڑھایا جائے جبکہ داخلی و خارجی پوائنٹس پر پکٹنگ سمیت مرکزی مساجد، امام بارگاہوں، مزارات اور درگاہوں کے علاوہ اقلیتی برادری کے مذہبی مقامات پر بھی تمام تر حفاظتی اقدامات کو مزید سخت کیا جائے۔ترجمان سندھ پولیس کے مطابق آئی جی سندھ نے کہا کہ اسنیپ چیکنگ پوائنٹس اور پیٹرولنگ کے عمل میں باالخصوص مساجد و امام بارگاہوں کے علاوہ مرکزی شاپنگ سینٹرز، مارکیٹوں، صنعتی و تجارتی زونز، پرہجوم پبلک مقامات اور اہم تنصیبات و عمارتوں کو سیکیورٹی کے حوالے سے لازمی طور پر اہمیت دی جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں