یو ایس ٹینس ایسوسی ایشن کے تحت انڈر 10 ٹورنامنٹ کے فائنل میں جبران صفدر نے ریان صفدرکو شکست دیکر چمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا
جرسی سٹی (آواز رپورٹ ) یو ایس ٹینس ایسوسی ایشن (USTA) کے تحت انڈر 10 ٹورنامنٹ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ دو بھائیوں نے فائنل تک رسائی حاصل کی۔ ایک نے جونیئر چیمئین بننے کا اعزاز حاصل کیا دوسرا بھائی رنرز اپ رہا۔ جونیئرسرکٹ انڈر 10 ٹورنامنٹ کا انعقاد نیوجرسی میں ہوا۔ جبران صفدر نے اپنے تمام راﺅنڈر این اور پلے آف میچز میں کامیابی حاصل کی اور ناقابل شکست رہتے ہوئے فائنل تک رسائی حاصل کی۔ ان کے بھائی ریان صفدر نے نیویارک کے میٹو برگ ناٹ (Mateo Brug Not) کو سیمی فائنل میں شکست دیکر فائنل کے لئے کوالیفائی کیا۔ چیمپئن شپ کا فائنل دو امریکی پاکستانی بھائیوں کے درمیان کھیلا گیا جبران صفدر نے دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد اپنے چھوٹے بھائی ریان صفدر کو شکست دیکر انڈر 10 جونیئر چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔
جبکہ ریان صفدر رنرز اپ رہے۔ دونوں بھائیوں کو بہترین کارکردگی پر ٹرافیاں دی گئیں۔ واضح رہے کہ جبران اور ریان نیوجرسی میں کھیلوں کے ممتاز آرگنائزر، کرکٹ کوچ اور آئی سی سی کے کوالیفائیڈ اور مستند ایمپائر مدثر صفدر کے صاحبزادے ہیں۔ کمیونٹی کے مختلف طبقہ فکر کے افراد نے مدثر صفدر کو انکے بچوں کے یو ایس ٹینس ایسوسی ایشن جونیئر ٹینس ٹورنامنٹ جتنے اور رنرز اپ آنے پر دلی مبارکباد پیش کی ہے اور دونوں بھائیوں کی کامیابیوں کو کمیونٹی کے لئے اعزاز قرار دیا ہے۔