برطانوی وزیراعظم لزٹرس کا مستعفی ہونے کا اعلان

لندن: برطانیہ کی وزیراعظم لزٹرس نے اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کردیا۔برطانوی میڈیا کے مطابق ڈیڑھ ماہ قبل ہی منتخب ہونے والی خاتون وزیراعظم لزٹرس نے اپنے عہدے سے استعفی دینے کا اعلان کردیا۔ وہ صرف 44 دن اپنے عہدے پر رہیں۔مستعفی ہونے کے بعد لزٹرس 1827ء کے بعد مختصر ترین مدت تک وزیراعظم رہنے والی شخصیت بن گئیں۔ لز ٹرس نے سابق وزیراعظم بورس جانسن کی حکومت ختم ہونے کے بعد 6ستمبر کو عہدہ سنبھالا تھا۔خاتون وزیراعظم کے وزیر خزانہ اور وزیر داخلہ پہلے ہی مستعفی ہوچکے ہیں اور اب ان کا استعفی سامنے آیا ہے۔ لزٹرس کے لیے وزرا کے استعفوں کے بعد مشکل صورتحال پیدا ہوگئی تھی۔ لزٹرس کو چند روز کے اندر مارکیٹ اور معیشت کے حوالے سے کیے گئے فیصلوں پر شدید تنقید کا سامنا تھا۔سیاست دانوں اور کاروباری افراد نے برطانوی وزیراعظم لزٹرس کے فیصلوں کو ملک کے لیے نقصان دہ اور ان کے اقدامات کو جلد بازی میں کیے گئے فیصلے قرار دیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں