عمران خان پر قاتلانہ حملہ مذہبی انتہا پسندی کا شاخسانہ ہے، وزیر داخلہ

اسلام آباد: وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ گرفتار ملزم نوید نے عمران خان پر جو الزام لگایا ہے وہ انتہائی خوف ناک ہے، کل ملزم نے عمران خان کے متنازع مذہبی بیانات کو حملے کی وجہ بتایا ہے۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان کی صدارت میں پارٹی کی لیڈرشپ کی میٹنگ ہوئی ہے جس میں کل کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی، اس حوالے سے مختلف اقدامات پر غور ہوا ہے، کس طرح سے نفرت اور تقسیم کے اس عمل کو گہرا کر دیا گیا ہے، کس طرح سے اس کو ختم کیا جاسکتا ہے، جو قوتیں سیاسی اختلافات کو دشمنی کا رنگ دے رہی ہیں انہیں کس طرح سے سمجھایا جائے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے صحافی صدف کے لیے پہلے ہی زرتلافی بھیج دیا ہے، معظم نامی شخص جو کل جاں بحق ہوا اس پر بھی ایک دردناک سین ہم نے دیکھا، ان کے گھر والوں کے لیے بھی وزیراعظم نے زرتلافی کا اعلان کیا ہے، اس سے کسی کا دکھ تو کم نہیں کیا جا سکتا پر زندگی گزارنے کا سہارا مل جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے چئیرمین عمران خان سمیت باقی قیادت کا بیانیہ قابل مذمت ہے، جس طرح سے اسد عمر نے بیان دیا تین لوگوں کے خلاف بنا کسی ثبوت کے وہ قابل مذمت ہے، کچھ سیاسی رہنماؤں کو کہتے دیکھا گیا کہ بدلہ لو اور باہر نکلو، کچھ رہنما اسلحہ لہرا کر کہتے رہے کہ بدلہ لیں گے یہ رویے ٹھیک نہیں ہیں۔
انہوں ںے کہا کہ عمران خان پر حملے کی تاحال ایف آئی آر درج نہیں ہوئی، شاید ایف آئی آر کو مینیج کرنے کے لیے تاخیر کی جا رہی ہے، ملزم کے بیان کی ایک قسط کل جاری ہوئی تھی، اس میں دو وجوہات کا ذکر کیا میں یہاں بتانا نہیں چاہتا، اس کے بعد وزیراعلی پنجاب نے تھانے کے پورے عملے کو معطل کر دیا اور معطلی کے بعد ایک اور قسط جاری ہو جاتی ہے جو کہ انتہائی ڈیمیجنگ ہے۔رانا ثنا اللہ نے کہا کہ جو الزام ملزم لگا رہا ہے وہ انتہائی خوف ناک ہے، یہ ویڈیو ہم تک بھی پہنچی لیکن ہم نے اس کو روکا، کل ملزم نوید نے عمران خان کے متنازع مذہبی بیانات کو بھی حملے کی وجہ بتایا ہے، اس ویڈیو کو وائرل ہونا بہت ڈیمجنگ ہوسکتا ہے، اس ویڈیو کے بعد ہوسکتا ہے ایسے عناصر اس بارے میں شہ پکڑیں، اس لیے ہم پوری طرح سے اس بات کی اہمیت کو محسوس کرتے ہوئے پی ٹی آئی کی قیادت اور عمران خان سے اپیل کرتے ہیں کہ اپنی سیکیورٹی کے انتظامات کو دوبارہ دیکھیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں