امریکی تاجروں کے وفد کا شکاگو میں پاکستان قونصلیٹ جنرل کا دورہ

قونصل جنرل طارق کریم سے ملاقاتوفد نے پاکستان کے ساتھ کاروباری مصروفیات سے آگاہ کیا،تجارتی اور سرمایہ کاری حجم میں اضافہ کی خواہش بھی ظاہر کیطارق کریم نے دوطرفہ تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو وسعت دینے میں قونصلیٹ کے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی
شکاگو(آواز رپورٹ)شکاگو میں پاکستانی قونصل جنرل نے امریکی تاجروں کے وفد سے ملاقات کی۔طارق کریم نےقونصلیٹ جنرل میں امریکی تاجروں کے وفد کا استقبال کیا۔ وفد جس میں پاکستان سے معدنی مصنوعات خصوصاً گلابی نمک کے درآمد کنندگان بھی شامل تھے، نے قونصل جنرل کو پاکستان کے ساتھ اپنی کاروباری مصروفیات سے آگاہ کیا اور اپنی تجارت اور سرمایہ کاری کے حجم کو مزید بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔قونصل جنرل نے وفد کو پاکستان کی تجارتی اور اقتصادی صلاحیت اور اس کی سرمایہ کار دوست پالیسیوں سے آگاہ کیا جو غیر ملکی تاجروں اور سرمایہ کاروں کو زبردست مواقع فراہم کرتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا جیو اسٹریٹجک محل وقوع، اس کی مارکیٹ کا حجم اور تربیت یافتہ پیشہ ور افراد/ ورکرز کی بڑی تعداد کی موجودگی اسے ایک مثالی کاروباری مقام بناتے ہیں.انہوں نے وفد کے ساتھ پاکستان میں امریکی کاروباری اداروں کی کامیابیوں، پاکستان امریکہ تجارتی حجم میں نمایاں اضافہ اور مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع سے بھی آگاہ کیا۔ وفد کو معدنی مصنوعات پر بریفنگ دیتے ہوئے قونصل جنرل نے پاکستان کے ہمالیائی گلابی نمک کے بڑے ثابت شدہ ذخائر اور دنیا بھر میں اس کی اعلیٰ مانگ اور مختلف قسم کے استعمال پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ اس مقامی معدنی مصنوعات کی حفاظت اور اس کے غیر مجاز استعمال کو روکنے کے لیے پاکستان نے اس پروڈکٹ کو جیوگرافیکل انڈیکیشنز (GI) کے طور پر رجسٹر کیا ہے جس سے مصنوعات کی بین الاقوامی تجارت کو فروغ دینے میں مدد ملی ہے۔ قونصل جنرل نے وفد کو دوطرفہ تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو وسعت دینے میں قونصلیٹ کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں