وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کے عہدے کی کچھ ذمے داریاں ہوتی ہیں اگرعمران خان وزیر اعظم نہ ہوتے تو پہلے دن کوئٹہ چلے جاتے۔نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق شبلی فراز کا کہنا تھا کہ یہ افسوسناک صورتحال ہے کہ لواحقین اپنے پیاروں کے جنازے لے کر سردی میں بیٹھے ہوئے ہیں، تدفین نہ کرنا لاشوں کی بے حرمتی اور لواحقین کی تکالیف میں اضافہ ہے، مظاہرین سے گزارش ہے کہ شہدا کی تدفین کریں۔وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ وہ وزیراعظم کے بیان کی بطور وزیر اطلاعات وضاحت دے رہے ہیں ، وزیراعظم نے ہزارہ برادری سے متعلق نہیں بلکہ پس پردہ عناصر کی بات کی، وزیراعظم نے کہا کہ ان کا کوئٹہ آنا لاشوں کی تدفین سے مشروط نہ کریں، وزیراعظم نے یہ نہیں کہا کہ وہ کوئٹہ نہیں جائیں گے، وزیراعظم کے عہدے کی کچھ ذمے داریاں ہوتی ہیں اگرعمران خان وزیر اعظم نہ ہوتے تو پہلے دن کوئٹہ چلے جاتے۔
