کوئٹہ شاہراہ پر گزشتہ چھ روز سے دھرنے میں بیٹھے سانحہ مچھ کے متاثرین سے مذاکرات کے لیے وفاقی اور صوبائی حکومت کا ایک وفد پہنچ گیا جس میں وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان، وفاقی وزرا علی زیدی اور زلفی بخاری، ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری اور دیگر شامل ہیں۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی جانب سے بھیجے گئے وفد کے مظاہرین سے مذاکرات کامیاب ہوگئے، مظاہرین نے ملک بھر میں دھرنا ختم کرنے اور میتوں کی تدفین کے لیے رضامندی ظاہر کردی جس کا باضابطہ اعلان کچھ دیر میں متوقع ہے۔اس حوالے سے بلوچستان حکومت کے ترجمان لیاقت شاہوانی نے کہا ہے کہ مظاہرین کے تمام مطالبات تسلیم کرلیے ہیں، متاثرین میتوں کی تدفین آج ہی کردیں گے، اس ضمن میں شہدا کمیٹی کی جانب سے دھرنا ختم کرنے کا اعلان جلد ہی کردیا جائے گا۔
