ایشیا کپ 2023: پاکستان میں کھیلا جائے گا مگر انڈیا کے میچز کسی اور ملک میں ہونگے

نیویارک( آوازنیوز)ایشیا کپ 2023 پاکستان میں ہی کھیلا جائے گا مگر انڈیا کے میچز نیوٹرل مقام پر کھیلے جائیں گے جس کے لئے سری لنکا، یو اے ای، اومان اور انگلینڈ کے آپشنز کا جائزہ لیا جارہا ہے.اطلاعات کے مطابق پاکستان اور انڈیا کے کرکٹ بورڈز کے درمیان اس سلسلے میں ابتدائی بات چیت ہوئی ہے. انڈیا کسی طور ایشیا کپ کے لئے اپنی ٹیم پاکستان بھیجنے کا تیار نہیں. گزشتہ دنوں پاکستان کرکٹ بورڈ کے موجودہ سربراہ نجم سیٹھی نے کہا تھا اگر انڈیا پاکستان میں ایشیاء کپ کھیلنے نہیں آیا تو ہم ورلڈ کپ میں شرکت پر غور کریں گے.

شیڈول کے مطابق چھے ملکی ایشیاء کپ ستمبر میں کھیلا جانا ہے تاہم ایشین کرکٹ کونسل نے اب تک حتمی تاریخوں کا اعلان نہیں کیا جس کی بنیادی وجہ دونوں ممالک کی صورتحال اور انڈیا کا پاکستان کے حوالے سے سخت گیر رویہ ہے. ایشیا کپ میں پاکستان انڈیا کے ساتھ ایک کوالیفائر ٹیم ہے جبکہ دوسرا گروپ میں بنگلہ دیش، افغانستان اور سری لنکا پر مشتمل ہے.مجموعی طور پر 13 میچز کھیلے جائیں گے پاکستان اور انڈیا دو یا تین بار مدمقابل آسکتے ہیں.انڈیا نے آخری بار یو اے ای میں کھیلا گیا ایشیاء کپ جیتا تھا.اس ٹورنامنٹ کی میزبانی کے حقوق انڈیا کے پاس تھے.5 اکتوبر سے ورلڈ کپ کرکٹ کا آغاز ہوگا. تاہم انڈین بورڈ کی پاکستان کے حوالے سے سخت پالیسی کے پیش نظر پاکستان کرکٹ بورڈ بھی اپنے میچز کے لئے نیوٹرل مقام کا مطالبہ کرسکتا ہے اگر ایسا ہوا تو پاکستان کے میچز سری لنکا یا بنگلہ دیش میں کھیلے جاسکتے ہیں.فی الحال کچھ بھی واضح نہیں. تاہم ایک بات طے ہے کہ انڈین کرکٹ بورڈ ایشیاء کپ کے لئے کسی طور بھی ٹیم پاکستان بھیجنے کو تیار نہیں.

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں