پاکستان ایمبیسی واشنگٹن ڈی سی میں یوم قرارداد کے سلسلہ میں پرچم کشائی کی خصوصی تقریب

سفیر پاکستان ، سفارتخانے کے اعلی عہدیداران اور کمیونٹی کے معززین کی شرکت


واشنگٹن/ ڈی سی(رپورٹ: عاصم صدیقی)سفارت خانہ پاکستان واشنگٹن ڈی سی میں 23 مارچ بروز جمعرات 83ویں یوم قرارداد پاکستان کے موقع پر پرچم کشائی کی تقریب منعقد کی گئی ۔امریکہ میں مقیم پاکستانی تارکین وطن اس دن کو اپنے آباؤ اجداد کو خراج عقیدت پیش کرنے اور وطن سے وابستگی کی تجدید کے لیے پورے قومی جوش و جذبے کے ساتھ مناتے ہیں۔امریکہ میں پاکستان کے سفیر مسعود خان نے قومی ترانے کی دھن کے ساتھ پاکستانی پرچم لہرایا۔اس موقع پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیر اعظم محمد شہباز شریف کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے۔سفیرپاکستان مسعود خان نے اس دن کے حوالے سے اپنے پیغام میں کہ یوم پاکستان ہمیں یاد دلاتا ہے کہ خواب پورے ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دن جنوبی ایشیا کے مسلمانوں کی ایک علیحدہ وطن کے لئے قرارداد پاس کی تاکہ وہ اپنی اقدار کے مطابق اپنی زندگیاں گزار سکیں اور خوف و ہراس سے آزاد ہو سکیں۔انہوں نے مزید کہا اس دن ہم اپنے قومی وقار کو برقرار رکھنے ، ریاست کی اقتصادی ترقی اور اقوام عالم میں اپنا نام بلند کرنے کے لیے انتھک محنت کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔سفیر مسعود خان نے اس موقع پر امریکہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کو بھی مبارکباد دی۔پرچم کشائی کی تقریب میں سفارتخانہ پاکستان کے افسران اور اہلکاروں نے اپنے اہل خانہ کے ہمراہ شرکت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں