نیویارک ( آواز رپورٹ)ہیمپسٹڈ ٹاؤن کے سپر وائزر ڈان کیلون،ہیمپسٹڈ ٹاؤن بورڈ اور ڈیپارٹمنٹ آف کمیونٹی افئیرز نے لانگ آئیلنڈ میں پاکستانی امریکن کمیونٹی کی نمائندہ سماجی فلاحی تنظیم پاکستانی امریکن کمیونٹی آف لانگ آئیلنڈ ( PACOLI)کے اشتراک و تعاون سے یوم قرارداد پاکستان ( 23 مارچ 1940) کے سلسلے میں پرچم کشائی( Flag Raising)کی خصوصی تقریب منعقد.ڈیپارٹمنٹ آف کمیونٹی افئیرز بورڈ کے ڈائریکٹر زاہد سید اور پاکولی کی صدر عذرا ڈار نے پروگرام کے انعقاد اور اسکی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا.
نیویارک میں پاکستان کی قونصل جنرل عائشہ علی نے خصوصی شرکت کی.انہوں نے سپروائزر ڈان کیلون،زاہد سید، عذرا ڈار، ٹاؤن کے عہدیداروں، منتخب اراکین،پاکولی کے ممبران اور کمیونٹی کے معززین کے ہمراہ قومی پرچم بلند کیا. سپروائزر کیلون نے قونصل جنرل اور پاکستانی کمیونٹی کو یوم قرارداد پاکستان کی مبارکباد دی اور اس بات کا اظہار کیا کہ لانگ آئیلنڈ خصوصا ہیمپسٹڈ کی ترقی و خوشحالی میں میں پاکستانی کمیونٹی کا کلیدی کردار ہے۔۔پرچم کشائی سے پہلے شرکاء کے لئے بریک فاسٹ ( ناشتہ)کا بھی اہتمام تھا. قونصل جنرل عائشہ علی نے سپروائزر اور ٹاؤن بورڈ اور کمیونٹی افئیرز کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ہیمپسٹڈ ٹاؤن کی عمارت میں تقریب کا انعقاد کرنے میں بھرپور تعاون کیا.کمیونٹی افئیرز کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر زاہد سید اور عذرا ڈار نے پاکولی کے ممبران، بزنس و کمیونٹی لیڈران کو یوم قرارداد پاکستان کی مبارکباد دی.