پاکستان بھارت کے دو شہروں میں میچ کھیل سکتا ہے، انڈین میڈیا کا دعویٰ

ممبئی: بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان ون ڈے ورلڈ کپ میں اپنے میچ چنئی اور کولکتہ میں کھیلنے کو ترجیح دے گا۔بھارتی خبر رساں ادارے پریس ٹرسٹ آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق رواں برس بھارت میں ہونے والے ایک روزہ عالمی کپ میں پاکستانی ٹیم اپنے میچ چنئی اور کولکتہ کے شہروں میں کھیلنے کو ترجیح دے گی۔آئی سی سی کے ذرائع کے مطابق پاکستانی ٹیم کو ماضی میں ان دونوں شہروں میں کھیلتے ہوئے کسی قسم کا کوئی مسئلہ درپیش نہیں ہوا لہٰذا گرین شرٹس کے لیے یہ دونوں شہر ترجیحی وینیو ہوں گے۔رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ اور آئی سی سی حکام کے مابین اس حساس معاملے پر گفت و شنید کا سلسلہ جاری ہے ۔آئی سی سی کے اہم ذریعے نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر پریس ٹرسٹ آف انڈیا کو بتایا کہ اگرچہ بیشتر انحصار بی سی سی آئی اور بھارتی حکومت پر ہے لیکن اگر موقع دیا گیا تو پاکستان اپنے زیادہ تر ورلڈ کپ میچز کولکتہ اور چنئی میں کھیلنا چاہے گا۔آئی سی سی کے ذریعے نے مزید بتایا کہ کولکتہ میں پاکستان نے 2016 میں بھارت کے خلاف ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ کا میچ کھیلا تھا اور یہاں کھلاڑی سیکیورٹی سے مطمئن تھے۔ یہی معاملہ چنئی کا بھی ہے۔رواں ہفتے ایک انٹرویو میں چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی نجم سیٹھی کہہ چکے ہیں کہ پاکستانی پرستار چاہتے ہیں کہ اگر انڈیا ایشیا کپ کے لیے پاکستان نہیں آتا تو پاکستانی ٹیم بھی وہاں ورلڈ کپ کے میچ نہ کھیلے۔واضح رہے کہ بھارت میں شیڈول ایک روزہ عالمی کپ کا آغاز 5 اکتوبر کو ہوگا۔ اس ٹورنامنٹ میں فائنل سمیت 46 ایک روزہ میچ کھیلے جائیں گے۔ یہ میچ احمدآباد، لکھنؤ، ممبئی، راج کوٹ، بنگلور، دہلی، اندور، گوہاٹی، حیدرآباد اور دھرم شالا شمیت12 شہروں میں کھیلے جائیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں