اسپین میں تارکین وطن کی کشتی اُلٹنے سے 34 افراد لاپتہ، 2 کی لاشیں مل گئیں

میڈریڈ: اسپین کے جزیرے کینیری کے سمندر میں تارکین وطن کی کشتی ڈوب گئی جس میں سوار بچے سمیت دو افراد کی لاشیں مل گئیں جبکہ 34 ڈوبنے والوں کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق کینیری جزیرے کی طرف جانے والی کشتی میں کُل 60 افراد سوار تھے۔ جس میں سے دو درجن مسافروں کو بروقت ریسکیو کرلیا گیا ہے۔اسپین میری ٹائم ایجنسی کے مطابق مراکشی حکام (بحریہ اور بحری امور) کے بروقت ریسکیو آپریشن میں 24 افراد کو بچا لیا گیا ہے۔مہاجرین کے لیے قائم کی گئی این جی او ’واکنگ بارڈرز‘ نے حادثے کی اطلاع دی اور بتایا کہ تمام سوار افراد غیر ملکی تارکین تھے۔ اسپین کی میری ٹائم ریسکیو سروس کے ایک ذرائع نے بتایا کہ گران کینریا کے جنوب مشرق میں 88 میل کے فاصلے پر ریسکیو آپریشن کر کے ڈوبنے والوں کو زندہ بچایا گیا۔اسپین میری ٹائم ایجنسی کے ترجمان نے بتایا کہ کشتی کھلے سمندر میں خراب ہوگئی تھی جس کے باعث وہ ڈوب گئی۔ اس واقعے اور ریسکیو آپریشن کی خبر مراکشی حکام کی جانب سے موصول ہوئی۔
انہوں نے بتایا کہ ہیلی کاپٹر کی مدد سے شروع کیے جانے والے ریسکیو آپریشن کے دوران ایک بچے کی لاش برآمد ہوئی جسے کینریا کے ہوائی اڈے پر منتقل کردیا گیا ہے، بعد ازاں بحری جہاز کے ذریعے ریسکیو آپریشن میں بھی ایک لاش برآمد ہوئی۔ترجمان نے مزید کہا کہ ’ہم قطعی طور پر نہیں جانتے کہ کتنے لوگ لاپتہ ہوئے ہیں لیکن کشتی میں 60 سے زیادہ افراد سوار ہو سکتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں