طیارے میں خاتون سے نازیبا حرکت پر مسافر کو 2 سال قید اور ہزاروں ڈالر جرمانہ

واشنگٹن: امریکا میں دوران پرواز طیارے میں سوئی ہوئی خاتون مسافر کے ساتھ نازیبا حرکات کرنے کے الزام میں جواد انصاری نامی مسافر کو 2 سال قید اور 40 ہزار ڈالر کی سزا سنادی گئی۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی عدالت نے فروری 2020 میں ہونے والے جنسی ہراسانی کے واقعے کا فیصلہ سنادیا جس میں ایک مرد مسافر پر طیارے میں سوئی ہوئی خاتون مسافر کو نامناسب انداز سے چھونے کا الزام تھا۔50 سالہ امریکی شہری جواد انصاری پر الزام تھا کی اس نے 2020 میں کلیولینڈ سے لاس اینجلس جانے والی پرواز میں اُس وقت ایک خاتون کے ساتھ نازیبا حرکت کی تھی جب وہ سو رہی تھیں۔
خاتون مسافر نے اسی وقت کیبن کریو کو نازیبا حرکت سے متعلق بتایا جس پر طیارے کی لینڈنگ کے بعد مسافر جواد انصاری کو ایئرپورٹ سے پوچھ گچھ کے لیے تھانے لے جایا گیا اور پھر گھر جانے کی اجازت دیدی گئی تھی۔جواد انصاری نے دوران تفتیش جنسی ہراسانی کے الزام کو مسترد کردیا تاہم تحقیقات میں الزام درست ثابت ہوگیا جس پر ملزم کو دو سال قید اور 40 ہزار ڈالر جرمانے کی سزا سنادی گئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں