تیسرا ٹی20؛ پاکستان کو شکست دے کر نیوزی لینڈ نے سیریز اپنے نام کرلی

ڈونیڈن: نیوزی لینڈ نے پاکستان کو تیسرے ٹی20 میں شکست دے کر سیریز اپنے نام کرلی۔ڈونیڈن میں کھیلے گئے ٹی20 سیریز کے تیسرے میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 45 رنز شکست دے کر سیریز اپنے نام کرلی۔ قومی ٹیم کی بیٹنگ بدستور ناکام رہی، پاکستان 225 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 179 رنز بنا سکی۔ٹی20 سیریز کے تیسرے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، نیوزی لینڈ کی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 225 رنز بنائے، کیوی اوپنر فن ایلن نے دھواں دار اننگز میں 137 رنز بنا کر قومی ٹیم کے بالرز کو تگنی کا ناچ نچا دیا، تاہم زمان خان ان کی وکٹ لینے میں کامیاب ہوئے۔نیوزی لینڈ کی جانب سے اوپنر فن ایلن نے ریکارڈ 16 چھکوں اور 5 چھکوں کی مدد سے صرف 62 گیندوں پر 137 رنز بنائے، ڈیوون کونوے 7، ٹم سائفرٹ 31، ڈیرل مچلز 8، گلین فلپس 19، مارک چیمپمین 1، مچل سینٹنر 4 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے جب کہ میٹ ہینری 1 اور ایش سودھی 3 رنز بنا کر کریز پر موجود رہے۔پاکستان کی جانب سے کپتان شاہین آفریدی ایک بار پھر ناکام رہے اور 4 اوورز میں 43 رنز دے کر صرف ایک وکٹ حاصل کی، اسی طرح زمان خان نے بھی ایک وکٹ اپنے نام کی۔ حارث رؤف اننگز کے سب سے مہنگے بالر ثابت ہوئے، انہوں نے 4 اوورز میں 60 رنز دیے اور صرف ایک وکٹ حاصل کی، محمد نواز اور محمد وسیم بھی ایک ایک وکٹ لے سکے۔کیویز کے 225 رنز کے ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم کے اوپنر صائم ایوب ٹیم کو اچھا آغاز فراہم نہ کرسکے اور 10 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے، ساتھی بیٹر محمد رضوان نے 24 رنز بنائے جب کہ بابر اعظم نے مزاحمت کرتے ہوئے اپنی ففٹی مکمل کی اور 58 رنز پر پویلین لوٹ گئے۔ فخر زمان 19، اعظم خان 10، افتخار احمد 1 اور محمد نواز 28 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، بعدازاں کپتان شاہین آفریدی 16 اور محمد وسیم 1 رنز بنا کر وکٹ موجود رہے۔نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹم ساؤتھی نے 2، میٹ ہینری، لوکی فرگوسن، مچل سینٹنر اور ایش سودھی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی جب میٹ ہینری 51 رنز دے کر مہنگے بالر ثابت ہوئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں