دیر بالا: مٹی کا تودہ مکان پر گرنے سے ایک ہی خاندان کے 12 افراد جاں بحق

دیر بالا: (آواز نیوز) دیر بالا میں مٹی کا تودہ مکان پر گرنے سے ایک ہی خاندان کے 12 افراد جاں بحق ہوگئے۔پولیس کے مطابق دیر بالا میں پاتراک کے علاقے میں مٹی کا تودہ گھر پر آ گرا جس کے نتیجے میں 2 خواتین، ایک مرد اور 9 بچے زندگی کی بازی ہار گئے، جاں بحق ہونے والے تمام افراد کا تعلق ایک ہی فیملی سے ہے۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں، نعشوں کو ملبے سے نکال کر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔انتظامیہ کا کہنا ہے کہ رات بارش اور اندھیرے کے باعث ریسکیو آپریشن میں مشکلات کا سامنا رہا۔چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے دیربالا میں مٹی کا تودہ گرنے سے 12 افراد کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس جبکہ جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ متاثرین کے غم اور دکھ میں برابر کے شریک ہیں، انہوں نے جاں بحق افراد کے درجات کی بلندی اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔ادھر وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے بھی دیر بالا واقعہ پر اظہار تعزیت کیا۔وزیر اعلیٰ نے واقعہ پر اظہار افسوس کرتے ہوئے ورثاء کیلئے مالی امداد کا اعلان کیا اور کہا کہ افسوسناک واقعے کا سن کر دلی صدمہ ہوا، لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں