طے کرچکے دہشتگردوں کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے: وزیراعلیٰ بلوچستان

کوئٹہ: (آواز نیوز) وزیراعلیٰ بلوچستان سردار سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ طے کر چکے دہشتگردوں کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی جانب سے پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنماء سید نیئر حسین بخاری، صوبائی وزراء اور اراکین اسمبلی کے اعزاز میں ضیافت کا اہتمام کیا گیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ صوبے میں گورننس کی بہتری کیلئے کوشاں ہیں، گورننس، امن و امان اور موسمیاتی تبدیلی بڑے چیلنجز ہیں، بلوچستان حکومت میں شامل اتحادی جماعتوں کو ساتھ لیکر چل رہے ہیں، بلوچستان کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کو ساتھ لیکر چلنے کیلئے تیار ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ تعلیم اور صحت اولین ترجیحات میں شامل ہیں، صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری بلوچستان کی ترقی چاہتے ہیں، پارٹی قیادت کی رہنمائی میں تعلیم اور صحت کے شعبوں میں نمایاں بہتری لائیں گے۔میر سرفراز بگٹی نے مزید کہا کہ بلوچستان کی بدامنی میں ملک دشمن عناصر ملوث ہیں، طے کر چکے کہ دہشت گردوں کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے، ریاست کی رٹ ہر صورت برقرار رکھی جائے گی۔پی پی سینیٹر نیئر حسین بخاری کا اس موقع پر کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے صوبے کی ترقی کے لئے جامع حکمت عملی مرتب کی ہے، بلوچستان کے حالات دیگر صوبوں سے مختلف ہیں، صوبائی حکومت عوامی خدمت کے مشن پر گامزن ہے، حکومت بلوچستان عوام کی توقعات پر پورا اترے گی۔ان کا مزید کہنا تھا کہ پارٹی کے صوبائی وزراء، اراکین اسمبلی اور کارکن عوامی خدمت کے مشن میں وزیر اعلیٰ بلوچستان کے شانہ بشانہ محنت کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں