لبنان میں پیجر دھماکے صیہونی رجیم کی’ماس مرڈر‘ سازش ہے: ایران

تہران: (ویب ڈیسک) ایران نے لبنان میں ہونے والے پیجر دھماکوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے صیہونی رجیم کی جانب سے دہشتگردی اور ’ماس مرڈر‘ کی سازش قرار دیدیا۔ایرانی محکمہ خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ لبنان میں کمیونیکیشن ڈیوائس میں دھماکوں سے اسرائیل اور اس کے حواریوں کی جانب سے جنگی اخلاقیات اور بین الاقوامی انسانی قوانین کی کھلی خلاف ورزی کی گئی ہے۔اپنے بیان میں ایرانی ترجمان نے مطالبہ کیا کہ عالمی انسانی قوانین کی اس کھلی خلاف ورزی پر اسرائیل کے خلاف جنگی جرائم کے ارتکاب پر کارروائی کرکے اسے اس عمل پر سزا دی جائے۔لبنان میں پیجر دھماکوں کے بعد ایران کے وزیر خارجہ نے بھی لبنانی ہم منصب سے رابطہ کرکے دھماکوں میں شہید اور زخمی ہونے والے افراد کے خاندانوں سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ لبنان میں دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعاگو ہیں۔ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ لبنان میں ایرانی سفیر کو فوری طبی امداد فراہم کرنے پر لبنان کے شکر گزار ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں