سعودی عرب کا فلسطینی ریاست کے قیام کیلئے بین الاقوامی اتحاد کا اعلان

نیویارک : (آواز نیوز ) سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے فلسطینی ریاست کے قیام اور دو ریاستی حل پر عمل درآمد کیلئے ایک بین الاقوامی اتحاد کا اعلان کیا ہے۔عرب میڈیا کے مطابق نیویارک میں وزراء کے ایک اجلاس میں شہزادہ فیصل نے کہا کہ فلسطینی ریاست کے قیام کا اتحاد یورپ اور عرب ممالک کی کوششوں کا مشترکہ نتیجہ ہے۔اس سلسلے میں پہلا اجلاس ریاض میں منعقد ہو گا، اجلاس کا عنوان “غزہ کی صورت حال اور دو ریاستی حل پر برائے جامع و منصفانہ امن” تھا۔سعودی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ “ہم مطلوبہ امن کو یقینی بنانے کے لیے مشترکہ اہداف کے حصول کے واسطے ایک عملی پلان وضع کریں گے … ہم ایک معتبر راستے کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن کوششیں کریں گے اور اس میں جامع و منصفانہ امن سے پیچھے نہیں ہٹا جائے گا”۔سعودی وزیر خارجہ نے اس موقع پر زور دیا کہ نمایاں اثر کے حامل عملی اقدامات کیلئے اجتماعی شکل میں متحرک ہونے کی ضرورت ہے۔شہزادہ فیصل بن فرحان کے مطابق غزہ کی جنگ انسانی المیہ جنم دینے کا باعث بنی ، اس کے علاوہ اسرائیل کی قابض فوج مغربی کنارے میں خطرناک خلاف ورزیاں انجام دینے کے علاوہ مسجد اقصیٰ اور مسلمانوں اور مسیحیوں کے مقدس مقامات کے خلاف قبضے، شدت پسندی اور تشدد کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں