معروف اسلامی سکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک پاکستان پہنچ گئے

اسلام آباد(آواز نیوز) معروف اسلامی سکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک پاکستان پہنچ گئے۔اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچنے پر وزیر اعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود، ایڈیشنل سیکرٹری وزارت مذہبی امور سید ڈاکٹر عطا الرحمان نے استقبال کیا، پارلیمانی سیکرٹری مذہبی امور شمشیر علی مزاری بھی استقبال کیلئے ایئرپورٹ پر موجود تھے۔ترجمان وزارت مذہبی امور کے مطابق معروف مبلغ ڈاکٹر ذاکر نائیک اسلام آباد، کراچی اور لاہور میں عوامی اجتماعات سے خطاب کریں گے، نماز جمعہ کے اجتماعات سے خطاب اور امامت بھی کریں گے۔ڈاکٹر ذاکر نائیک پاکستان میں قیام کے دوران اعلیٰ حکومتی عہدیداروں سے بھی ملاقاتیں کریں گے، عوامی تقریبات میں بھی شریک ہوں گے۔جاری شیڈول کے مطابق ڈاکٹر ذاکر نائیک 28 اکتوبر تک پاکستان میں قیام کریں گے، 5 سے 6 اکتوبر کو کراچی، 12 سے 13 اکتوبر لاہور جبکہ 19 اور 20 اکتوبر کو اسلام آباد میں لوگوں سے خطاب کریں گے۔واضح رہے کہ ڈاکٹر ذاکر نائیک نے ایکس پر پوسٹ شیئر کرتے ہوئے بتایا تھا کہ وہ حکومتِ پاکستان کی دعوت پر اپنے بیٹے شیخ فارق نائیک کے ہمراہ پاکستان کا دورہ کریں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں