مشرق وسطیٰ میں مصر کا کردار اہم ہے: سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ

نیویارک(آواز نیوز) مصر کے وزیر برائے تارکین وطن نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کے ساتھ جنرل اسمبلی کے اجلاس کے دوران سائیڈ لائنز میں ملاقات کی ہے۔عرب میڈیا کے مطابق مصری وزیر بدر عبدالعطاء جنرل اسمبلی کے 79 اجلاس کے سلسلے میں ان دنوں نیو یارک میں ہیں ، مصری کابینہ کے رکن نے ملاقات کے دوران سیکرٹری جنرل کو صدر عبدالفتاح کی طرف سے نیک تمناؤں پر مبنی پیغام پہنچایا، نیز اقوام متحدہ کے ساتھ مصر کے تعاون کے عزم کا اعادہ کیا۔اس موقع پر سیکرٹری جنرل گوتریس نے صدر عبدالفتاح کی علاقائی اور بین الاقوامی مسائل اور چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے مثبت اور دانشمندانہ سوچ کی تعریف کی۔ان کا کہنا تھا مشرق وسطیٰ میں مصر کا کردار نمایاں اور اہم حیثیت کا حامل ہے۔اس پس منظر میں ہی انہوں نے مصر کے افریقہ ، عرب و اسلامی دنیا اور بین الاقوامی سطح پر مصری اہمیت کا ذکر کیا، سیکرٹری جنرل نے مصری تہذیب اور علاقائی اور عالمی سطح پر اس کی منفرد شناخت اور کردار کا بھی حوالہ دیا۔مصری وزارت برائے تارکین وطن کے ترجمان تمیم خلاف نے اس سلسلے میں کہا ہے کہ وزیر موصوف نے جنرل اسمبلی کا اجلاس منعقد کرنے ، بین الاقوامی امور کے لیے عالمی برادری کو ایک وسیع اور تبادلہ خیال کا سنجیدہ و بہترین موقع فراہم کرنے پر شکریہ دیا اور ان کے حسن انتظام کی بھی تعریف کی۔وزیر نے کہا کہ اس سے کثیر جہتی نظام کار کو اقوام کے درمیان بروئے کار لانے کا بھی ایک بار پھر موقع ملا ہےجبکہ جنرل اسمبلی کے اجلاس سے مسائل کے حل کے لیے راہ ہموار ہوتی ہے۔مصر کی طرف سے وزیر برائے تارکین وطن نے سیکرٹری جنرل کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بین الاقوامی قانون کی بالا دستی کے لیے ایک واضح اور متواتر موقف اختیار کر رکھا ہے اور وہ اس کے لیے یکساں اصولوں کی پاسداری کا پابند بنانے کی کوشش کرتے ہیں تاکہ علاقائی اور بین الاقوامی مسائل کے حلا میں مدد مل سکے اور جارحیت کو روکا جاسکے کہ انسانی برادری کو تباہی اور بحرانوں سے بچانے کا یہی راستہ ہے۔اس موقع پر علاقے میں اسرائیلی جارحیت پر مبنی فوجی کشیدگی کو بڑھانے کا بھی ذکر کرتے ہوئے مصر نے لبنان کی قومی خود مختاری پر اسرائیلی حملے کا ذکر کرتے ہوئے کہا اسرائیلی سوچ نے خطے کو تباہی کے کنارے پر لاکھڑا کیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں